خیبر پختونخوا: بارشوں اور فلش فلڈ سے 377 افراد جاں بحق، 182 زخمی، 1377 گھر متاثر

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے مختلف اضلاع میں ہونے والی شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، خیبر پختونخوا میں اب تک مجموعی طور پر 377 افراد جاں بحق اور 182 زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 294 مرد، 50 خواتین اور 33 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 145 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

پی ڈی ایم اے کے مطابق، 1377 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 1022 گھروں کو جزوی اور 355 گھروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر ہے، جہاں اب تک مجموعی طور پر 228 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

حادثات صوبے کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر، بٹگرام اور صوابی میں پیش آئے۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ امدادی سرگرمیاں تیز کریں اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کی جائے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا : کوہاٹ میں 7 افراد کے قتل کا معاملہ کیا ہے؟

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے یا موسمی صورتحال کی اطلاع کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp