لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پچھلے 40 سال سے کراچی کو لوٹ رہی ہے اور شہر میں گزشتہ روز ہونے والے واقعات کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جو جعلی میئر لائے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں بارش رکنے کے باوجود فلائٹس آپریشن بحال کیوں نہ ہوسکا؟
میڈیا رپورٹ کے مطابق منصورہ میں تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں ہو رہی ہیں لیکن حکومت مؤثر اقدامات نہیں کر رہی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ کراچی میں کروڑوں اور اربوں روپے نالوں کی صفائی کے لیے لیے جاتے ہیں، مگر عملی طور پر صفائی نہیں ہوتی۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید بتایا کہ کراچی میں کرپشن کا نظام مکمل طور پر مسلط کیا گیا ہے اور کرپشن کی شرح 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نظام میں منشیات کے اڈے بھی چل رہے ہیں اور پولیس کو اس کا علم نہیں، اور اس صورتحال میں شہری اور ان کے بچے بھی محفوظ نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں موسلا دھار بارش، رات گئے تک کیا صورتحال رہی؟
انہوں نے 26 ویں آئینی ترمیم کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کے مجرم ہیں، اور لوگ انصاف کے حصول کے لیے عدالتوں میں دھکے کھاتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے اور اس شہر کی بد انتظامی کی ذمہ داری اسی کرپٹ نظام پر عائد ہوتی ہے جو گزشتہ دہائیوں سے قائم ہے۔














