وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے چنار باغ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شجرکاری ہماری قومی، سماجی اور ماحولیاتی ذمہ داری ہے جس میں سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ماضی میں ورکنگ پلان پر پابندی کے باعث غیر قانونی کٹاؤ میں اضافہ ہوا اس لیے جنگلات کے فروغ کے لیے منظور شدہ ورکنگ پلان پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیے: مون سون شجرکاری مہم کا آغاز ’ایک بیٹی ۔ ایک شجر‘ پہلے ہفتے کا عنوان مقرر
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض عناصر منفی پروپیگنڈا کے ذریعے جنگلات کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں، تاہم سوات میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ جنگلات کے وسط میں ہوا جس سے یہ غلط تاثر دور ہو گیا ہے۔
حاجی گلبر خان نے کہا کہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ‘اک بیٹی ایک شجر’ کو ماحول دوستی اور صنفی مساوات کی علامت قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔














