کنگ چارلس کا پاکستان میں تباہ کن سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہارِ افسوس

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی بادشاہ چارلس نے پاکستان میں حالیہ مون سون سیلاب اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بکنگھم پیلس سے جاری بیان میں بادشاہ نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ قیمتی جانوں کے ضیاع اور گھروں، بنیادی ڈھانچے اور ذرائع معاش کی تباہی پر بے حد رنجیدہ ہیں۔

کنگ چارلس نے کہا کہ میری اہلیہ اور میں پاکستان میں حالیہ مون سون سیلاب اور ریسکیو آپریشن کے دوران ہونے والے خوفناک ہیلی کاپٹر حادثے سے ہونے والے جانی نقصان اور وسیع پیمانے پر تباہی کی خبر سے انتہائی افسردہ ہیں۔ یہ دکھ ناقابلِ بیان ہے اور ہماری دعائیں اور ہمدردیاں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیارے، گھر اور روزگار کھو دیا۔

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے 358 افراد جاں بحق، پی ڈی ایم اے رپورٹ جاری

انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی دونوں قوموں کے دیرینہ تعلقات کا بخوبی احساس ہے اور برطانیہ میں بسنے والے وہ تمام خاندان جو پاکستان سے قریبی رشتے رکھتے ہیں، ان کے ساتھ مل کر ہم پاکستان کے عوام کے لیے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

کنگ چارلس نے ریسکیو ٹیموں اور مقامی کمیونٹیز کی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی بے لوث جدوجہد انسانیت اور ہمدردی کی روشن مثال ہے جو مشکل ترین گھڑی میں بھی امید کا دیا روشن کرتی ہے۔

بیان کے آخر میں بادشاہ نے دعا کی کہ متاثرہ افراد جلد بحالی اور تعمیرِ نو کے مشکل سفر میں کامیاب ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp