مذاق اڑانے والے فنکاروں کو ساحر لودھی کا واضح جواب

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف میزبان اور اداکار ساحر لودھی ان دنوں سوشل میڈیا پر اپنے ’جی بھائی‘ کے جملے سے مشہور ویڈیوز کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ ان ویڈیوز میں وہ روزمرہ زندگی کے مختلف پہلوؤں کو مخصوص انداز میں پیش کرتے ہیں، جو سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہو رہی ہیں۔

ان ویڈیوز کی وائرل ہونے کے بعد شوبز انڈسٹری کے معروف فنکاروں اعجاز اسلم، فیصل قریشی اور یاسر نواز نے بھی اسی طرز کی ویڈیوز مزاحیہ انداز میں بنا کر شیئر کیں اور ان کا مذاق اڑایا۔

یہ بھی پڑھیں: ساحر لودھی کی ویڈیوز کا ساتھی فنکار کیوں مذاق اڑا رہے ہیں؟

ساحر لودھی نے حال ہی میں اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی کو بھی اپنی رائے کے اظہار سے نہیں روکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ چاہے مجھ سے محبت کریں یا نفرت، یہ ان کا حق ہے۔ میں کسی کو رائے دینے سے نہیں روک سکتا۔ یہ حق اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو دیا ہے، اسی لیے میں کسی کو بھی رائے کے اظہار سے نہیں روک سکتا اور لوگ مجھے چاہیں یا نہ چاہیں، اس میں وہ آزاد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اداکاروں نے یہ سب مذاق میں ہی کیا ہوگا اور میں سب کی عزت کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مجھے کچھ باتوں سے دکھ ضرور پہنچا ہے لیکن میں کبھی کسی کے ساتھ ایسا رویہ اختیار نہیں کروں گا۔

انہوں نے اداکارہ مہوش حیات کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔ ساحر لودھی نے کہا کہ مہوش نے ایک مشکل وقت میں میرے لیے اچھے الفاظ کہے، جس پر میں ان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ ہم نے برسوں پہلے ساتھ کام کیا تھا اور وہ آج بھی اتنی ہی مہربان اور باوقار ہیں۔

واضح رہے کہ ساحر لودھی اور اُن کی ٹیم کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی روزمرہ روٹین کی ویڈیوز پوسٹ کی جاتی ہیں جن میں ساحر لودھی خود کو مصروف رکھنے کی ایکٹنگ کرتے نظر آتے ہیں اور کسی میٹنگ میں جانے کی باتیں کرتے ہیں یا تیاری کرتے نظر آ رہے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دانش نواز کی شاہ رخ خان کے ساتھ سیلفی، صارفین کے دلچسپ تبصرے

ان کی ہر ویڈیو میں کمیرہ مین دروازہ کھول کر اندر آتا ہے جس پر وہ پہلے تو اکتاہٹ کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ تم پھر آ گئے اور پھر کام کی تفصیلات بھی بتاتے ہیں۔ ان کی ایسی ویڈیوز پر جہاں سوشل میڈیا صارفین ان کا مذاق بناتے نظر آتے ہیں وہیں اداکاروں نے بھی ویڈیوز بنا کر انہیں خوب ٹرول کیا۔

سب سے پہلے یاسر نواز نے ساحر لودھی کے جیسی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی جس کے بعد دیگر فنکاروں نے بھی ساحر لودھی کے انداز کی نقل کرتے ہوئے ویڈیوز بنانا شروع کر دیں جس میں فیصل قریشی، اعجاز اسلم اور تابش ہاشمی بھی شامل ہیں۔

تاہم اداکارہ مہوش حیات کو ساحر لودھی کی یہ نقالی ویڈیوز پسند نہیں آئیں اور انہوں نے کہا کہ کسی کا یوں مذاق اڑانا مناسب نہیں ہے خاص طور پر جو محنت اور جذبے سے انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائے ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp