آن لائن عشق کا انجام، شادی کے بعد نوجوان کا دلہن کو پہچاننے سے انکار

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیس بک پر شروع ہونے والی دوستی اس وقت سنگین تنازعے میں تبدیل ہو گئی جب شادی کے بعد دلہن کو اس کے مبینہ شوہر نے گھر سے نکال دیا اور شادی کو ماننے سے ہی انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان لڑکی نے اتر پردیش کے رہائشی نوجوان کی فیس بک فرینڈ ریکویسٹ قبول کی۔ ان کی یہ دوستی جلد ہی محبت میں تبدیل ہو گئی۔ آن لائن رابطوں اور بعد ازاں بالمشافہ ملاقاتوں کے بعد دونوں نے مقامی مندر میں روایتی ہندو رسومات کے مطابق شادی کی لیکن بعد میں دلہن کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: آن لائن محبت: امریکی خاتون پاکستانی نوجوان کی دُلہن بننے دیر پہنچ گئی

لڑکی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خاندان کو چھوڑ کر شوہر کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے کے ارادے سے سون بھدر پہنچی، تاہم جب وہ ناردرن کول فیلڈز لمیٹڈ کاکری کالونی (تھانہ انپارا حدود) میں واقع نوجوان کے گھر پہنچی تو اس نے نہ صرف شادی سے انکار کیا بلکہ پہچاننے سے بھی انکاری ہو گیا۔

نوجوان نے کہا ’سوری، آپ کون ہیں؟ میں آپ کو نہیں جانتا‘۔ نوجوان کے انکار پر دلہن نے گھر کے باہر دھرنا دے دیا، جس پر علاقے میں ہلچل مچ گئی اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں فریقین کو تھانے لے جایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شادیوں میں رشتے داروں کی جھک جھک، دیگر مسائل کا عکاس مزاحیہ دعوت نامہ وائرل

لڑکی نے پولیس کو دی گئی تحریری شکایت میں الزام عائد کیا کہ نوجوان نے فیس بک پر محبت کا جھانسہ دے کر اسے شادی کے لیے رضامند کیا، مندر میں شادی کی، اور اب اسے اپنی بیوی تسلیم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔ متاثرہ لڑکی نے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ شادی کی قانونی حیثیت اور لڑکی کی جانب سے عائد کردہ الزامات کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp