ضمانت قاتل اور ڈکیت کی بھی ہو جاتی ہے، عمران خان کی رہائی نظر نہیں آتی، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے اور وہ جیل سے باہر آتے دکھائی نہیں دیتے۔ ضمانت تو قاتل اور ڈکیت کی بھی ہو جاتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اس کیس میں براہ راست ملوث ہیں اور انہیں جواب دینا ہوگا کہ ملک ریاض کو کس طرح پیسے دیے گئے۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ حکومت پاکستان کو آنے والا پیسہ جرمانے کی مد میں جمع کرایا جائے؟

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی واقعات: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی

انہوں نے الزام لگایا کہ کابینہ سے بند لفافے میں معاہدے کی منظوری لی گئی، جب عمران خان سے پوچھا گیا کہ لفافے میں کیا ہے تو انہوں نے کہا اس پر بات نہ کریں، بس منظوری دے دیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ عمران خان کی فیملی نے ملک ریاض سے پانچ پانچ قیراط کی انگوٹھیاں لیں، ان کا حساب بھی دینا ہوگا کہ وہ کس مد میں لی جاتی رہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما ضمانت پر خوشیاں منا رہے ہیں، حالانکہ ضمانت تو قاتل اور ڈکیت کو بھی ملتی ہے۔ ضمانت اور بریت میں واضح فرق ہے، لیکن عمران خان کے ساتھی اس فرق کو سمجھنے کے بجائے شادیانے بجا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت حساب دینے کے بجائے مذہبی کارڈ اور اسلامی ٹچ استعمال کررہی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان اس وقت میگا کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں اور 9 مئی کے مقدمات کا ٹرائل ابھی جاری ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیاکہ 9 مئی کے واقعات روز روشن کی طرح واضح ہیں اور یہ سب کچھ عمران خان کی منصوبہ بندی کے تحت ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مقدمات پوری قوم کے ہیں اور پی ٹی آئی کو اپنے رویے پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت پی ٹی آئی مذاکرات: عمران خان نے نئی شرط عائد کردی

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا ہے، جسے پی ٹی آئی بڑی فتح قرار دے رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp