لاہور میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقریر کے معاملے پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اینکر پرسن عمر عادل کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے اور انہیں دوسرا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق ملزم کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے تمام ریکارڈ کے ہمراہ نیشنل کرائم ایجنسی لاہور کے دفتر میں پیش ہوں۔
خط کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ عمر عادل کو 21 اگست کو تمام شواہد کے ساتھ حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
ایجنسی کے مطابق اس سے قبل بھی ملزم کو پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے تھے لیکن عمر عادل سائبر کرائم ایجنسی کے نوٹس کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس بار بھی وہ دوسرے نوٹس کے باوجود حاضر نہ ہوئے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ کارروائی طلعت محمد کی جانب سے دائر درخواست پر شروع کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمر عادل نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقریر کی تھی۔