معروف مزاحیہ فنکار اور ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں اہم کردار ادا کرنے والے کرشنا ابھیشیک اور کِکو شاردہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں دونوں فنکاروں کے درمیان تلخ کلامی اور مبینہ تنازع دیکھا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں ان دونوں اداکاروں کے حوالے سے متعدد خبریں گردش کر رہی تھیں، اور اب منظر عام پر آنے والی اس ویڈیو نے ان قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کِکو شاردہ، کرشنا سے ناراض دکھائی دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’بات یہ ہے کہ مجھے بلایا ہے تو میں اپنا ختم کرلوں پہلے‘۔
یہ بھی پڑھیں: سیزن 3 کے لیے کپل شرما کتنے کروڑ معاوضہ لے رہے ہیں؟
جواباً کرشنا ابھیشیک تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں ’میں آپ سے محبت اور عزت کرتا ہوں، میں اپنی آواز بلند نہیں کرنا چاہتا‘۔ تاہم کِکو شاردہ اس پر ردعمل دیتے ہیں کہ ’آواز اٹھانے کی بات نہیں ہے، آپ اس کو غلط طریقے سے لے جا رہے ہیں‘۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں کپل شرما موجود نہیں دکھائی دیتے، تاہم دونوں فنکاروں کے اردگرد سیٹ کے دیگر عملہ موجود ہے جو صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
تاحال دونوں فنکاروں یا شو کی انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کپل شرما کے شو میں جانا سب سے بڑی غلطی تھی، کامیڈین نسیم وکی
واضح رہے کہ ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ نیٹ فلکس پر نشر کیا جا رہا ہے اور ناظرین میں خاصی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ اس ناخوشگوار واقعے کے باوجود مداح امید کر رہے ہیں کہ دونوں فنکار جلد ہی تمام غلط فہمیاں دور کر کے معمول پر آ جائیں گے۔