بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے اپنی فٹنس کا راز سادہ مگر مستقل عادات کو قرار دیا ہے۔ حال ہی میں ایک کتاب کی تقریبِ رونمائی کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی روزمرہ زندگی میں اپنائی جانے والی چند اہم عادات سے پردہ اٹھایا جو انہیں صحت مند اور متحرک رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
اکشے کمار کا کہنا تھا کہ وہ ہر ہفتے پیر کے روز مکمل روزہ رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ اتوار کی شب کھانا کھاتے ہیں اور پھر منگل کی صبح ناشتہ کرتے ہیں۔ ماہرینِ صحت کے مطابق ہفتہ وار روزہ رکھنے سے میٹابولزم بہتر ہوتا ہے، جسم میں زہریلے مادوں کا اخراج ہوتا ہے، نیند میں بہتری آتی ہے اور ذہنی یکسوئی حاصل ہوتی ہے۔ اکشے کے نزدیک یہ عمل انہیں جسمانی ہلکا پن، چستی اور ذہنی وضاحت فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی فٹنس کا خیال کیسے رکھتے ہیں، انوشکا شرما نے راز سے پردہ اٹھا دیا
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ روزانہ شام 6:30 بجے سے پہلے رات کا کھانا کھا لیتے ہیں۔ ان کے بقول، معدے کو بھی دیگر اعضاء کی طرح آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔ جلد کھانے سے ہاضمہ بہتر رہتا ہے اور سوتے وقت معدہ پرسکون ہوتا ہے، جس کے باعث صحت کے مختلف مسائل سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
اکشے کمار نے روایتی ویٹ ٹریننگ اور جم کے بجائے قدرتی ورزشوں کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ باڈی ویٹ ایکسرسائز، آؤٹ ڈور اسپورٹس، اور راک کلائمبنگ کو اپنی فٹنس روٹین کا حصہ بناتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا جم اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہاں زیادہ تر کلائمبنگ اور ہینگنگ ایکسرسائزز کی جاتی ہیں، اور وہ مزاحیہ انداز میں اسے ’بندروں کا جم‘ کہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ثانیہ مرزا نے بیسن کی روٹی کو اپنی فٹنس کا راز قرار دے دیدیا
اداکار نے غیر متوازن کریش ڈائٹس اور پراسیسڈ فوڈز سے اجتناب کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق فٹنس کسی مختصر مدتی مہم کا نام نہیں بلکہ ایک مسلسل اور سادہ طرزِ زندگی اختیار کرنے سے حاصل ہوتی ہے۔