پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، 100 انڈیکس میں 700 پوائنٹس کا اضافہ

جمعہ 22 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعہ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منافع کے بعد دوبارہ خریداری کا رجحان دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے ٹریڈنگ کے دوسرے حصے میں 700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا۔

ٹریڈنگ سیشن کے دوران مثبت رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس دن کے دوران بلند ترین سطح 150,465.17 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

دوپہر 3 بج کر 20 منٹ پر انڈیکس 149,980.01 پوائنٹس پر موجود تھا، جو 744.75 پوائنٹس یا 0.5 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج مندی کا شکار، 100 انڈیکس 1,900 پوائنٹس گر گیا

سرمایہ کاروں کی دلچسپی آٹو موبائل، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز، او ایم سیز، پاور جنریشن اور ریفائنری سمیت مختلف شعبوں میں دیکھی گئی۔ بڑی کمپنیوں کے شیئرز بھی مثبت زون میں رہے جن میں اے آر ایل، حبکو، پی ایس او، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، میزان بینک، نیشنل بینک اور یو بی ایل شامل ہیں۔

جمعرات کو پی ایس ایکس میں بھاری فروخت کا دباؤ رہا، جس کے باعث منافع کے حصول کی لہر نے ابتدائی اضافےکو ختم کر دیا اور مارکیٹ گراوٹ کا شکار ہو کر بند ہوئی، کے ایس ای 100 انڈیکس 149,235.26 پوائنٹس پر بند ہوا جو 1,355.74 پوائنٹس یا 0.9 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔

عالمی سطح پر، ایشیائی مارکیٹس میں جمعہ کو ملا جلا رجحان رہا، سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول کی جیکسن ہول سمپوزیم میں تقریر کے منتظر ہیں، جس میں شرح سود سے متعلق اشارے ملنے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم، 100 انڈیکس پہلی بار 150,000 کی سطح عبور کرگیا

ایم ایس سی آئی کا وسیع ایشیا-پیسیفک انڈیکس (جاپان کے علاوہ) 0.2 فیصد بڑھا، جس سے رواں ماہ اب تک اس کی مجموعی بڑھت 1.6 فیصد ہو گئی۔ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 1 فیصد بڑھا، جبکہ چین کا سی ایس آئی 300 مسلسل تیسرے دن مثبت رہا۔

جاپان کا نکی 225 انڈیکس اتار چڑھاؤ کے بعد 0.1 فیصد بڑھا جبکہ ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں بھی 0.1 فیصد کا اضافہ ہوا، تاہم وال اسٹریٹ کا کیش انڈیکس مسلسل پانچویں دن خسارے میں رہا، جس کے نتیجے میں رواں ماہ کا سب سے بڑا ہفتہ وار نقصان سامنے آ سکتا ہے۔

ٹریڈرز نے ستمبر میں شرح سود میں کمی کے امکانات کو کمزور معاشی اشاریوں کے بعد بڑھا دیا تھا، مگر فیڈ کی جولائی میٹنگ کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد یہ امکان کچھ کم ہوا۔ اب سرمایہ کار ستمبر میں شرح سود میں کمی کے 75 فیصد امکانات کا اندازہ لگا رہے ہیں، جو جمعرات کو 82.4 فیصد تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp