آئی سی سی نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے نیا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق بنگلورو کی بجائے نوی ممبئی کو میزبان شہروں میں شامل کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم کی عدم دستیابی کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
ورلڈ کپ کا آغاز 30 ستمبر سے ہوگا اور فائنل 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کی دیگر تاریخیں اور مقامات یعنی اے سی اے اسٹیڈیم (گواہاٹی)، ہولکر اسٹیڈیم (اندور)، اے سی اے-وی ڈی سی اے اسٹیڈیم (وشاکھا پٹنم) اور آر پریماداسا اسٹیڈیم (کولمبو، سری لنکا) بدستور وہی رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: پی سی بی نے سہ فریقی ٹی20 سیریز کا شیڈول جاری کر دیا
نوی ممبئی کا ڈی وائی پٹیل اسٹیڈیم پانچ میچز کی میزبانی کرے گا جن میں 3 لیگ میچز، ایک سیمی فائنل اور ممکنہ طور پر فائنل بھی شامل ہے۔
آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ نوی ممبئی حالیہ برسوں میں ویمنز کرکٹ کا اصل مرکز بن کر ابھرا ہے۔ یہاں شائقین کی بھرپور حمایت نے خواتین کھلاڑیوں کے کھیل کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ورلڈ کپ کے بڑے میچز میں بھی یہی جوش و خروش دیکھنے کو ملے گا۔
فائنل میچ 2 نومبر کو یا تو کولمبو یا نوی ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ پہلا سیمی فائنل 29 اکتوبر کو گواہاٹی یا کولمبو میں ہوگا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو نوی ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
یہ ورلڈ کپ بھارت میں 12 سال بعد کھیلا جارہا ہے اور ماہرین کے مطابق یہ ایونٹ خواتین کے کھیل کے مستقبل کو نئی سمت دے سکتا ہے۔