کوئٹہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بلوچ یکجہتی کونسل (بی وائی سی) کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر قیادت کو مزید 15 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں پیش کیے جانے والوں میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبو بلوچ، گلزادی، ماما غفار بلوچ، صبغت اللہ شاہ جی اور بیبرگ بلوچ شامل تھے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت بی وائی سی قیادت کی عدالت میں پیشی۔۔ پہلے 10، پھر 15، اور تیسری مرتبہ 20 دن کا ریمانڈ مکمل ہوچکا، یعنی مجموعی طور پر 45 دن تک کا ریمانڈ دیا گیا۔ pic.twitter.com/Dp3pewsIf3
— Nadir Baloch (@BalochNadir5) August 22, 2025
عدالت نے ان سب کے ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے مزید 15 دن کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس سے قبل بی وائی سی کی قیادت کو پہلے ہی مجموعی طور پر 45 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جا چکا تھا۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر رہنماؤں کو رواں سال کے آغاز میں کوئٹہ اور گرد و نواح میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
بی وائی سی کی قیادت پر الزام ہے کہ وہ احتجاجی تحریک کے دوران ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہی، تاہم ان الزامات کو قیادت نے مسترد کرتے ہوئے اپنے اقدامات کو پرامن سیاسی جدوجہد قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماہ رنگ بلوچ اور دیگر رہنما انسدادِ دہشتگردی عدالت میں پیش، 15 روزہ ریمانڈ منظور
بلوچ یکجہتی کونسل کی گرفتاریوں کے بعد بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے بھی دیکھنے میں آئے، جن میں کارکنان نے رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔