سندھ حکومت نے پولیس کے تفتیشی وِنگ کو مضبوط بنانے اور نظامِ انصاف کو بہتر کرنے کے لیے 2 ہزار اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز) کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔
اس اقدام کا مقصد تفتیشی صلاحیتوں میں اضافہ اور جرائم کے خلاف تیز تر و مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں آئی جی سندھ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہوم)، سیکریٹری سروسز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیے: آن لائن دھوکا دہی کے خاتمے کے لیے ایس ای سی پی اور ایف آئی اے کے درمیان مفاہمتی یادداشت
چیف سیکریٹری نے کہا کہ پولیس کی تفتیشی صلاحیت بڑھانا عوام کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے اے ایس آئیز کی بھرتی سے پولیس مؤثر تحقیقات کر سکے گی، تیز تر انصاف فراہم ہوگا اور جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ چیف سیکریٹری نے افسران کو ہدایت کی کہ بھرتی کے عمل میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔
آئی جی سندھ نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اضافی اے ایس آئیز کی تعیناتی سے تحقیقات کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جا سکے گی۔