پاکستان کے باڈی بلڈرز نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری 57 ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک اسپورٹس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 سونے کے تمغے جیت لیے۔
یہ مقابلے 21 اگست سے 25 اگست تک جاری رہیں گے جن میں ایشیا بھر کے نامور باڈی بلڈرز شریک ہیں۔
پاکستانی کھلاڑی اعجاز احمد اور فراست علی خان نے اپنی اپنی ویٹ کیٹگریز میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیے: باڈی بلڈنگ ورلڈ کپ، پاکستان نے سلور میڈل حاصل کرلیا
اعجاز احمد نے ماسٹرز کیٹگری (50 تا 60 سال عمر) اور 80 کلوگرام ویٹ ڈویژن میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارتی حریفوں کو پیچھے چھوڑا۔ اس کیٹگری میں ویتنام نے دوسری جبکہ ملائشیا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بھارت کے 2 باڈی بلڈرز فائنل تک پہنچنے کے باوجود چوتھی اور پانچویں پوزیشن ہی حاصل کرسکے۔
دوسری جانب، 75 کلوگرام ویٹ کیٹگری میں فراست علی خان نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے 3 بھارتی اور ایک افغان کھلاڑی کو شکست دے کر پوڈیم پر سب سے اوپر جگہ بنائی۔
یہ بھی پڑھیے: تن ساز رمیز ابراہیم ایک اور عالمی اعزاز حاصل کرنے کے لیے پرعزم
واضح رہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے مجموعی طور پر 9 باڈی بلڈرز اس ایونٹ میں شریک ہیں۔
ٹیم کے اس شاندار آغاز نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند کر دیا ہے اور مزید کامیابیوں کی امید کی جا رہی ہے۔