بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی شادی ٹوٹنے کی خبریں ایک بار پھر شہ سرخیوں میں بدل چکی ہیں، تاہم اداکار کے وکیل نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے اداکار گووندا مشکل میں، بیوی سنیتا آہوجا کا بے وفائی اور ظلم کرنے کا الزام
حالیہ دنوں میں سنیتا آہوجا نے اپنے یوٹیوب وی لاگ میں طلاق کی خبروں کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ کوئی ان کے گھر میں گھسنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسی دوران میڈیا میں دعویٰ سامنے آیا کہ سنیتا آہوجا نے 5 دسمبر 2024 کو باندرہ فیملی کورٹ میں طلاق کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
عدالت میں کیس کی پیش رفت
رپورٹس کے مطابق سنیتا نے مقدمہ ہندو میرج ایکٹ 1955 کی شق 13(1)(i)، (ia)، (ib) کے تحت دائر کیا، جس میں بدچلنی، ظلم اور علیحدگی کو جواز بنایا گیا۔ عدالت نے گووندا کو طلب کیا، لیکن وہ مئی 2025 تک عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس کے بعد انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گووندا اور اہلیہ سنیتا میں طلاق، حقائق کیا ہیں؟
جون 2025 سے جوڑا عدالت کے حکم پر کاؤنسلنگ سیشنز میں شرکت کر رہا ہے۔ سنیتا آہوجا ہر پیشی پر خود موجود رہیں، البتہ یہ واضح نہیں کہ گووندا ذاتی طور پر شریک ہوئے یا آن لائن۔
وکیل کا ردعمل
بھارتی چینل ’این ڈی ٹی وی‘ سے بات کرتے ہوئے گووندا کے وکیل للت بندرا نے کہا کہ کوئی کیس نہیں ہے، سب کچھ سیٹل ہو رہا ہے، یہ سب لوگ پرانی چیزیں اٹھا کے ڈال رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیر کی بیٹی نے گووندا کے گھر 20 دن تک بطور ملازمہ کام کیوں کیا؟
ان کا کہنا تھا ’ابھی گنیش چترتھی آئے گا، آپ سب کو ایک ساتھ دیکھیں گے، آپ گھر آئیے گا۔‘
پس منظر
گووندا اور سنیتا آہوجا کی ازدواجی زندگی کو 38 سال گزر چکے ہیں۔ تاہم دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں کافی عرصے سے گردش میں ہیں۔
سنیتا آہوجا نے ماضی میں انکشاف کیا تھا کہ وہ گزشتہ 12 سال سے اپنی سالگرہ اکیلے مناتی ہیں اور شوہر سے الگ رہتی ہیں، جس کی وجہ ان کا مصروف شیڈول اور ’باتونی مزاج‘ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکار گووندا اور اہلیہ کے درمیان 37 سال بعد طلاق کی افواہیں
فروری 2025 میں گووندا کی ٹیم نے تصدیق کی تھی کہ سنیتا نے 6 ماہ قبل طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ بعدازاں جوڑے کے قریبی ذرائع نے کہا کہ معاملہ حل ہو چکا ہے اور طلاق کا امکان ختم ہو گیا ہے۔
اسی دوران میڈیا میں یہ خبریں بھی چلتی رہیں کہ گووندا کا تعلق ایک نوجوان مراٹھی اداکارہ سے جوڑا جا رہا ہے۔