ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل عامر حاتمی نے کہا ہے کہ مسلح افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور پشیمان کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران حملے کی رپورٹ پر تنازع: پینٹاگون انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ برطرف
ایران میں یومِ دفاعی صنعت کے موقع پر وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصرزادہ کو مبارکباد دیتے ہوئے جنرل حاتمی نے فوج اور وزارتِ دفاع کے قریبی تعاون کو سراہا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ نے مغربی پابندیوں کے باوجود دفاعی ٹیکنالوجی میں نمایاں اور تیز رفتار ترقی حاصل کی ہے۔

انہوں نے قرآن کریم کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے بیرونی منظوری کا منتظر نہیں بلکہ ملکی وسائل اور مقامی دفاعی پیداوار پر انحصار کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایرانی میزائل حملے میں امریکی ایئربیس نشانہ بنا، بالآخر پینٹاگون مان گیا
ایرانی فوجی سربراہ نے کہا کہ 8 سالہ مقدس دفاع اور حالیہ صیہونی حکومت کے 12 روزہ مسلط کردہ جنگ میں ایران نے ثابت کیا کہ قومی یکجہتی، افواج کی قربانیاں اور عوام کی مزاحمت دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضامن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ایران کی فوج دشمن کے کسی بھی غلط قدم کو طاقت اور عزم کے ساتھ کچلنے کے لیے تیار ہے اور ہر حملہ آور کو اس سے زیادہ سخت اور پشیمان کن جواب ملے گا۔

جنرل حاتمی نے دفاعی صنعت کے شہداء، ایٹمی سائنسدانوں اور شہید کمانڈرز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کی دفاعی صنعت، جو پابندیوں اور دباؤ کے سائے میں پروان چڑھی، آج دشمنوں کے خلاف خودمختاری کی علامت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ فوج اور وزارتِ دفاع آئندہ بھی ایران کی پیشرفت اور قومی طاقت میں اضافے کے لیے بڑے اقدامات جاری رکھیں گے اور کہا کہ خدائی نصرت کے ساتھ فتح بالآخر ایران ہی کی ہوگی۔














