کوہِ ہندوکش کی بلند ترین چوٹی تریچ میر سر ہونے کی پلاٹینیم جوبلی تقریبات کے سلسلے میں ملک بھر سے آئی 19 خواتین ٹریکرز نے چوٹی کے ایڈوانس بیس کیمپ تک کامیاب ٹریکنگ کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔
5 روزہ ٹریکنگ کے دوران خواتین ٹریکرز نے سنگلاخ چٹانوں، بہتے دریاؤں اور برفانی گلیشیئرز کو عبور کرتے ہوئے 4800 میٹر بلند تریچ میر کے سرباز خان ایڈوانس بیس کیمپ تک رسائی حاصل کی۔ اس سطح تک خواتین کی یہ پہلی باقاعدہ اور منظم ٹریکنگ مہم ہے، جو ملکی سطح پر ایک تاریخی سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
تریچ میر کو پہلی بار 1950 میں ناروے کی ایک مہم جو ٹیم نے سر کیا تھا۔ اسے سر کرنے کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور تریچ میر بیک پیکرز کے اشتراک سے یہ سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن کا مقصد علاقے میں ایڈونچر ٹورازم اور خواتین کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔
یہ مہم نہ صرف خواتین کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان میں مہم جو سیاحت کے نئے امکانات بھی روشن کررہی ہے۔ مزید جانیے کریم اللہ کی اس ویڈیو رپورٹ میں۔













