وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں، وزیر اطلاعات

ہفتہ 23 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب کی صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور وقتاً فوقتاً براہِ راست اپ ڈیٹس لے رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی و صوبائی ادارے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، پاک فوج اور ایف ڈبلیو او سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں متحرک ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے، سڑکوں کی مرمت کا عمل جاری ہے جبکہ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

عطااللہ تارڑ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہدایت پر پاک فوج کی بٹالینز بھی ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں سرگرم عمل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز سیلابی صورتحال پر ایک اجلاس کی صدارت کی جبکہ وہ بونیر کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔

’سوات ون ڈویژن میں بجلی مکمل طور پر بحال کردی گئی‘

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے وزیر توانائی سردار اویس لغاری کو سوات بھیجا تھا جہاں سوات ون ڈویژن میں بجلی مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے، جبکہ دیگر متاثرہ مقامات پر بھی بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے کسی مقام پر بلاک نہیں ہے اور رابطہ سڑکوں کو بھی بحال کرنے کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ گلگت کی تحصیل گوپس سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے چیف سیکریٹری کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ وزیراعظم آفس میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے جو صورت حال کی براہِ راست نگرانی کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے دریائے ستلج میں پھر پانی چھوڑا، پاکستان میں سیلابی صورتحال

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم خود اس تمام تر عمل سے آگاہ ہیں اور ہر مرحلے پر ریلیف سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس وقت صورت حال قابو میں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp