بنگلہ دیش کے ساتھ مستقبل میں ایسے تعلقات چاہتے ہیں جو ہمیں متحد کریں، وزیر خارجہ اسحاق ڈار

ہفتہ 23 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم بنگلہ دیش کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر دونوں ممالک اور خطے کی ترقی، امن اور استحکام کے لیے مل کرمختلف شعبوں میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں، بنگلہ دیش کے ساتھ مستقبل میں ایسے تعلقات چاہتے ہیں جو ہمیں متحد کریں۔

ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اس وقت دنیا میں اہم تبدیلیاں آرہی ہیں، امن و سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور معاشی عدم مساوات جیسے مسائل درپیش ہیں، ہمیں ایسا ماحول پیدا کرنا چاہیے جہاں کراچی سے چٹاگانگ اور پشاور سے سلہٹ تک کے نوجوان مشترکہ چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں اور خوابوں کی تعبیر کریں۔

یہ بھی پڑھیے: اسحاق ڈار کا دورہ بنگلہ دیش: سیاسی جماعتوں کے وفود سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ گزشتہ ایک سال میں پاک بنگلہ دیش کے تعلقات میں مثبت تبدیلی آئی ہے، دوطرفہ دوروں اور معاہدوں کی تجدید ہورہی ہے اور معاشی، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ ملا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کئی بین الاقوامی معاملات میں یکساں نکتہ نظر رکھتے ہیں۔ ہم سارک کو علاقائی تعاون کا اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھنے پر بنگلہ دیش کے کردار کو سراہتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ سارک کو دوبارہ فعال کیا جائے گا اور باہمی فاصلوں میں کمی آئے گی، جنوبی ایشیا جو اربوں انسانوں کا مسکن ہے، باہمی تعاون میں پیچھے نہیں رہ سکتا۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان، بنگلہ دیش کا چاول کی تجارت سے متعلق ابتدائی معاہدے پر اطمینان کا اظہار

آخر میں وزیر خارجہ نے بنگلہ دیشی حکام کو پاکستان آکر اپنے ہم منصب عہدیداروں سے ملنے کی دعوت بھی دی۔

اسحاق ڈار کا دورہ بنگلہ دیش

وزیر خارجہ اسحاق ڈار 2 روزہ سرکاری دورے پر آج بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔ یہ دورہ اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ 13 برس بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ نے بنگلادیش کا دورہ کیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے مختلف سیاسی جماعتوں کے وفود سے پاکستانی ہائی کمیشن میں ملاقاتیں کیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے وفد نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس کی قیادت پارٹی کے ممبر سیکریٹری اختر حسین کررہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار تاریخی دورے پر بنگلہ دیش پہنچ گئے، اہم ملاقاتیں شیڈول

اسی طرح جماعتِ اسلامی بنگلادیش کے وفد نے بھی عبداللہ محمد طاہر کی سربراہی میں اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقاتوں میں پاک بنگلہ دیش تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے مشکل حالات میں جماعتِ اسلامی بنگلادیش کی ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے اسے حوصلہ افزا قرار دیا۔

ترجمان کے مطابق بعدازاں بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کا وفد بھی ہائی کمیشن پہنچا، جہاں سیکریٹری جنرل مراز فخرالاسلام کی قیادت میں اسحاق ڈار سے ملاقات کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp