محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کی رپورٹس کے بعد حکومت خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری نے صوبے کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث ممکنہ تباہ کاریوں کے حوالے سے وارننگ جاری کردی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلابی ریلے آنے کا خدشہ ہے، جس سے چترال، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان بالا و زیریں، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان کے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش
محکمہ ریلیف کے مطابق پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب آنے کا خطرہ موجود ہے جبکہ مسلسل بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں خصوصاً چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور کڑک کے ساتھ ہونے والی بارش کے دوران کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، سڑک کنارے عارضی ڈھانچوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری نے عوام اور سیاحوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بالخصوص ان اضلاع کا سفر نہ کریں جہاں سیلاب یا لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ زیادہ ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی چشموں کے قریب قیام نہ کریں اور شمالی اضلاع کا سفر کرنے سے پہلے سڑکوں اور راستوں کی صورتحال ضرور معلوم کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہری ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ضروری سامان جیسے پینے کا پانی، خشک راشن، ابتدائی طبی امداد اور ٹارچ اپنے ہمراہ رکھیں اور موسمی اپ ڈیٹس پر مسلسل نظر رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں کا 5 روزہ نیا اسپیل، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی
محکمہ ریلیف نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے رابطہ کیا جائے تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں ممکن بنائی جا سکیں۔