ماہ ربیع الاول 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے مطابق یکم ربیع الاول 26 اگست کو ہوگی، جبکہ عید میلادالنبیﷺ 6 ستمبر بروز ہفتہ کو منائی جائےگی۔
یہ بھی پڑھیں: سالانہ کتبِ سیرت، نعت و مقالات کے مقابلوں کے نمایاں افراد کیلیے 12 ربیع الاول پر انعامات
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی میں ہوا، جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوئے مگر کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ چاند نظر نہ آنے کے باعث اب یکم ربیع الاول 26 اگست بروز منگل کو ہوگی، جبکہ عید میلادالنبیﷺ 6 ستمبر بروز ہفتہ کو منائی جائےگی۔
واضح رہے کہ اسپارکو اور محکمہ موسمیات نے آج چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی تھی، تاہم مطلع ابر آلود ہونے کے باعث کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ماہ ربیع الاول میں 50ویں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا شایانِ شان انعقاد کیا جائے گا، سردار محمد یوسف
سعودی عرب میں ربیع الاول کا چاند گزشتہ شام نظر آگیا تھا، جس کے مطابق وہاں آج 24 اگست کو یکم ربیع الاول ہے، اور عید میلادالنبیﷺ 4 ستمبر کو ہوگی۔