سر زمین پنجاب بیش بہا قدرتی خزانوں سے مالامال، دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں، مریم نواز

اتوار 24 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب بیش بہا قدرتی خزانوں اور منفرد ہنر سے مالامال ہے، اور ہماری خواہش ہے کہ ان قیمتی اثاثوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔

یہ بات انہوں نے جاپان کے شہر اوساکا میں ورلڈ ایکسپو 2025 کے سلسلے میں ایکسپو ایسوسی ایشن کے منتظم اعلیٰ اکی نوکی ماناٹسو سے ملاقات کے دوران کہی۔

مریم نواز شریف نے ایکسپو کے تھیم ’Designing Future Society for Our Lives‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مستقبل کے سماجی تقاضوں اور انسانیت کی فلاح کے لیے ایک اہم رہنمائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے ہنرمند اپنی دستکاریوں کو بے مثال نمونوں میں ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بالخصوص اجرک اور بلیو پاٹری پنجاب کی پہچان ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہاکہ پاکستان کے پویلین پر 1.2 ملین وزیٹرز کی آمد اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ دنیا پاکستانی مصنوعات اور دستکاریوں میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

ایکسپو ایسوسی ایشن کے منتظم اعلیٰ اکی نوکی ماناٹسو نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایکسپو میں دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایکسپو سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو 2025 میں انسانی جان بچانے، عوام کو سہولتیں فراہم کرنے اور خدماتِ عامہ میں بہتری کے لیے جدید ساز و سامان اور طریقۂ کار کو نمایاں کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی جاپانی کمپنی موریناگا کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت

مریم نواز شریف نے کہاکہ ایکسپو جیسے عالمی پلیٹ فارم نہ صرف معاشرتی مسائل کے حل کے لیے قابلِ قدر سفارشات پیش کرتے ہیں بلکہ یہ ممالک کے درمیان تعلقات اور ثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp