ملک میں ایمرجنسی بھی نافذ ہوسکتی ہے، خواجہ آصف

جمعرات 11 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں ’ایمرجنسی‘ کے نفاذ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت حالات کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر ضرورت پڑی ملک میں ایمرجنسی بھی لگائی جاسکتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عدلیہ آرڈر کا لفظ استعمال کرنے سے  بھی گریز کر رہی ہے اب دیکھتے ہیں آنے والے حالات کس طرف جا رہے ہیں تاہم موجودہ صورت حال سے نکلنے کا واحد حل ایک ہی دن انتخابات کا انعقاد ہے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ کی طرف سے کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ: ’سپریم کورٹ کے انصاف کا دہرا معیار’ کیوں ہے؟

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ماضی میں بڑی سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کو گرفتار کیا گیا لیکن ان میں سے کسی کو بھی گیسٹ ہاؤس کی سہولت نہیں دی گئی۔

 انہوں نے کہا کہ قوم کو کب تک ایسے فیصلوں سے بے وقوف بنایا جائے گا، ملک بھر میں تمام تشدد ’پی ٹی آئی‘ رہنما کے کہنے پر ہوا، لیکن انہیں ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی‘ کی تشدد کی ایک تاریخ ہے کیوں کہ انہوں نے سنہ 2014 میں عمران خان اور موجودہ صدر ڈاکٹر عارف علوی کی نگرانی میں پی ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا تھا۔

خواجہ آصف نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عدالتیں ہمیشہ  آرڈر کرتی ہیں کسی کے حوالے سے اپنی خواہشات کا اظہار نہیں کرتیں۔

 خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف ’آشیانہ‘ کیس کی پیروی کے لیے عدالت گئے تو انہیں وہیں پکڑلیا گیا تھا۔

عدالت میں میرے خلاف ’صاف پانی‘ کیس چلایا گیا جس پر مجھے جیل میں ننگے فرش پر لٹایا گیا میں نے تو کسی سے کوئی شکایت نہیں کی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عوام نے دیکھا کہ عمران خان پیدل چل کرگئے انہیں وہیل چیئر کی ضرورت نہیں پڑی، عمران خان کی ٹانگ میں کوئی تکلیف نہیں تھی۔

وزیردفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کارکنوں کو تشدد پر اکسایا، کور کمانڈر کےگھر پر حملہ ہوا اس پر عدالتوں نے تو سوموٹو نہیں لیا آج عمران خان کو بڑی عزت کے ساتھ گیسٹ ہاؤس بھیج دیا گیا۔ نواز شریف، مریم نواز ،آصٖف زرداری اور مجھے تو کسی گیسٹ ہاؤس میں نہیں رکھا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp