پاکستان کی سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنیوں میں شمار ہونیوالی کمپنی سسٹمز لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی تجارتی پالیسیوں اور بھارت سے سروسز کی برآمد پر ممکنہ امریکی ٹیرف کے نفاذ سے پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ بات سسٹمز لمیٹڈ کی حالیہ دنوں میں منعقدہ ایک کارپوریٹ بریفنگ سیشن میں کہی گئی، جس میں ان سائٹ سیکورٹیز کے نمائندے بھی شریک تھے، کمپنی انتظامیہ نے کہا کہ ان پالیسی تبدیلیوں سے نہ صرف سسٹمز لمیٹڈ بلکہ مجموعی طور پر پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کو فائدہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان آئی ٹی میں امریکا کی نسبت 70 فیصد کم خرچ اور معیاری خدمات فراہم کررہا ہے، رضوان سعید شیخ
’۔۔۔کیونکہ پاکستان کا سائز بھارت کے مقابلے میں نسبتاً چھوٹا ہے، پاکستان کے برانڈ امیج میں حالیہ بہتری بھی ملکی آئی ٹی کمپنیوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔‘
رواں ماہ کے آغاز میں امریکی حکومت نے پاکستانی مصنوعات پر 19 فیصد ریسیپروکل ٹیرف عائد کیا، جو پہلے تجویز کردہ 29 فیصد سے کم ہے۔ دوسری طرف بھارتی مصنوعات کو 50 فیصد تک کے اضافی امریکی ٹیرف کا سامنا ہے، جو روسی تیل کی درآمدات میں اضافے کے باعث عائد کیا گیا ہے، اس میں سے 25 فیصد ٹیرف نافذ ہو چکا ہے جبکہ باقی 25 فیصد 27 اگست سے لاگو ہوگا۔
مزید پڑھیں:پاکستان آئی ٹی میں خطے کا مرکزی ہَب بن کر ابھرے گا، وزیرِاعظم
برٹش امریکن ٹوبیکو انٹرنیشنل ہولڈنگز (یوکے) لمیٹڈ سے برٹش امریکن ٹوبیکو ایس اے اے سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے حصول کے حوالے سے کمپنی نے مالی تفصیلات ظاہر کرنے سے گریز کیا تاہم کہا کہ یہ ڈیل سسٹمز لمیٹڈ کے لیے ایک ’گیم چینجر‘ ثابت ہوگی اور ترقی کے نئے دروازے کھولے گی۔
آرٹیفشل انٹیلیجنس یعنی مصنوعی ذہانت سے بڑھتی ہوئی مسابقت کے بارے میں انتظامیہ نے بتایا کہ کمپنی اپنے وسائل کو جدید رحجانات کے مطابق تربیت دینے پر کام کر رہی ہے تاکہ عالمی مارکیٹ میں مسابقت برقرار رکھی جا سکے۔
مزید پڑھیں:پاکستان کے ترقی کرتے آئی ٹی شعبے میں خواتین کا کردار کم کیوں؟ رپورٹ جاری
کمپنی نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے ممکنہ انضمام اور خریداری کے مواقع تلاش کرے گی جو اس کے تذویراتی مقاصد سے ہم آہنگ ہوں، یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سسٹمز لمیٹڈ نے ایک آئی ٹی اور آئی ٹی اینیبلڈ سروسز کمپنی کے ممکنہ حصول میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔
سسٹمز لمیٹڈ کا قیام 1977 میں ایک پرائیویٹ کمپنی کے طور پر ہوا، جسے 2005 میں پبلک لمیٹڈ اور 2015 میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر لسٹ کیا گیا، کمپنی بنیادی طور پر سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور بزنس پروسیس آؤٹ سورسنگ کی خدمات فراہم کرتی ہے اور پاکستان سمیت امریکا، برطانیہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں نمایاں موجودگی رکھتی ہے۔














