گریٹر اسرائیل کا منصوبہ ناقابل قبول، عالمی برادری غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی کرائے: پاکستان

پیر 25 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے اسرائیل کے گریٹر اسرائیل منصوبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اسرائیل کے گریٹر اسرائیل منصوبے کو سختی سے مسترد کرتا ہے کیونکہ یہ امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں سے دو ریاستی حل کیلئے کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، سعودی عرب

انہوں نے کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ اسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں پر حملے کھلی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں۔ معصوم فلسطینیوں کو دو سال سے مسلسل بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دی جارہی ہے اور غزہ میں قحط کی صورت حال پیدا ہوچکی ہے، جس کے باعث فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

’غزہ میں انسانی امداد کی مکمل اور محفوظ رسائی کو یقینی بنایا جائے‘

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کرے، فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور غزہ میں انسانی امداد کی مکمل اور محفوظ رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عرب ممالک کی خودمختاری اور سالمیت کی حمایت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف سخت ترین اقدامات کرے۔

انہوں نے ترکیہ، ایران اور فلسطین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہنگامی اجلاس کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔ اسحاق ڈار نے زور دیا کہ اسرائیل کا گریٹر اسرائیل منصوبہ ناقابل قبول ہے اور پاکستان اسے کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔ پاکستان فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں سے دو ریاستی حل کیلئے کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، سعودی وزیر خارجہ

قبل ازیں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل کی غزہ میں مسلسل خلاف ورزیاں دو ریاستی حل کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کو کمزور کررہی ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہاکہ مملکت کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے جاری عالمی مہم میں مزید ممالک شامل ہو رہے ہیں۔

شہزادہ فیصل نے کہاکہ وہ ممالک جنہوں نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دو ریاستی حل ہی امن کی کنجی ہے، نیویارک میں عالمی کانفرنس

انہوں نے ایک بار پھر اس مؤقف کو دہرایا کہ سعودی عرب 1967 کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp