خیبرپختونخوا کے علاقے اپر دیر میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے 3 روزہ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے مقامی کمانڈر سمیت 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ 2 شہری شہید ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 دہشتگرد ہلاک
ایس ایس پی اپر دیر کے مطابق یہ آپریشن ہل ٹاپ، دوبانڈو درا، مسالا بانڈا، شاندل باغ، اتن درا، باغ کلے، سنگر اور شندل باغ کے علاقوں میں کیا گیا جو مجموعی طور پر 20 مربع کلومیٹر پر محیط ہے اور تین روز تک جاری رہا۔
’اس کارروائی میں پولیس، ایلیٹ فورس اور ریپڈ ریسپانس فورس نے بھی حصہ لیا، ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں مقامی کمانڈر ساجداللہ بھی شامل ہے۔‘
آپریشن کے دوران 2 شہری شہید جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے 10 اہلکار زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر کے سرچنگ کا عمل جاری ہے۔
کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق ہلاک ہونے والا مقامی کمانڈر ساجد پولیس فورس سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کے خلاف متعدد بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی اور پولیس کی لکی مروت میں کارروائی، 3 مطلوب دہشتگرد ہلاک
دیر بالا کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید محمد بلال نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔ انہوں نے علاقے کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کے ساتھ تعاون کرنے پر اہل علاقہ قابل تعریف ہیں۔