اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے صدر لقمان شاہ، جنرل سیکریٹری نوید الرحمان، فنانس سیکریٹری محمد پرویز سمیت تمام نومنتخب عہدیداران و گورننگ باڈی کے اراکین احسن خالد اعوان اور عمیر خان سمیت دیگر ممبران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوری معاشروں کی بنیاد ہے۔ صحافی برادری عوامی مسائل اجاگر کرنے اور ریاستی اداروں تک عوام کی آواز پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات انجام دیں گے بلکہ صحافتی اقدار کے فروغ اور آزادی اظہار کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے صحافی برادری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمنٹ صحافت کی آزادی، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔














