’اپنا معائنہ کرواتے رہیں‘، سابق آسٹریلوی کپتان کینسر میں مبتلا، سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام

بدھ 27 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا کے سابق کرکٹ کپتان اور مایہ ناز بیٹر مائیکل کلارک کو جلد کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، کلارک نے سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مداحوں کو باقاعدگی سے میڈیکل چیک اپ کروانے کی تلقین کی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کی نئی رینکنگ: ریڈ بال کرکٹ میں آسٹریلیا، وائٹ بال میں انڈیا پہلے نمبر پر

انسٹاگرام پوسٹ میں مائیکل کلارک نے لکھاکہ جلد کا کینسر ایک حقیقت ہے، خاص طور پر آسٹریلیا میں۔’ آج ایک اور نشان ناک سے نکلوایا ہے۔ آپ سب کے لیے دوستانہ یاددہانی ہے کہ اپنی اسکن چیک کرواتے رہیں، احتیاط علاج سے بہتر ہے، لیکن میرے لیے باقاعدہ معائنہ اور بروقت تشخیص ہی کلید ہے، شکر گزار ہوں کہ ڈاکٹر نے بروقت پکڑ لیا۔‘

مائیکل کلارک نے 2004 سے 2015 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 115 ٹیسٹ، 245 ون ڈے اور 34 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، وہ 74 ٹیسٹ اور 139 ون ڈے میچز میں کپتان رہے، ان کی قیادت میں آسٹریلیا نے 2013-14 میں ایشیز 0-5 سے جیتی اور 2015 کا ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔

ماہرین کے مطابق اسکن کینسر بنیادی طور پر سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں یا ٹیننگ بیڈز کی وجہ سے جلد کے خلیوں میں غیر معمولی تبدیلیوں سے ہوتا ہے، دنیا بھر میں یہ سب سے عام کینسر مانا جاتا ہے اور بروقت تشخیص اس کے علاج میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ نے کیفے میں کام کرنا شروع کردیا؟

اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا میں دنیا کی سب سے زیادہ جلد کے کینسر کی شرح پائی جاتی ہے اور ہر 3 میں سے 2 آسٹریلوی شہریوں کو 70 سال کی عمر تک اس مرض کی تشخیص ہو جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp