بالی ووڈ کے سپر اسٹارز شاہ رخ خان اور ڈیپیکا پڈوکون ایک قانونی معاملے میں پھنس گئے ہیں۔ بھارت پور کے وکیل کی شکایت پر دونوں اداکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جس میں 2022 میں خریدی گئی ایک ہنڈائی الکازار گاڑی میں نقصانات کی شکایت کی گئی ہے۔
شکایت کنندہ وکیل کرتی سنگھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے مالوا آٹو سیلز پر گاڑی خریدی اور کمپنی نے مکمل طور پر مسئلہ فری گاڑی دینے کا وعدہ کیا تھا، مگر خریداری کے بعد گاڑی میں ایکسیلیریٹر اور انجن مینجمنٹ سسٹم سمیت کئی تکنیکی مسائل سامنے آئے جو ان کے خاندان کی حفاظت کے لیے خطرہ بن گئے۔
مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کے پاکستانی بھانجے کا سوہنا خان کے بارے دبنگ انکشاف
سنگھ نے کہا کہ کمپنی کی طرف سے کوئی مؤثر حل یا ریفنڈ نہیں ملا، جس کے بعد انہوں نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔ ایف آئی آر میں ہنڈائی کے منیجنگ ڈائریکٹر انسو کم، چیف آپریٹنگ آفیسر ترون گارگ، مالوا آٹو سیلز کے ڈائریکٹرز اور اداکار شاہ رخ خان و ڈیپیکا پڈوکون کو بھی نامزد کیا گیا ہے، کیونکہ انہوں نے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر گاڑی کی تشہیر کی تھی۔
موجودہ صورتحال میں ماتھورا گیٹ پولیس اسٹیشن تحقیقات کر رہا ہے، اور ثبوتوں کی بنیاد پر آئندہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ابھی تک شاہ رخ خان اور ڈیپیکا پڈوکون نے اس معاملے پر کوئی عوامی بیان نہیں دیا۔
اداکار شاہ رخ خان اگلی فلم ‘کنگ’ میں نظر آئیں گے جبکہ ڈیپیکا پڈوکون ایٹلی کی سائنس فکشن فلم میں کام کی تیاری کر رہی ہیں۔