بھارت نے پاکستان کو دریاؤں میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ اس بارے میں این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج، راوی اور چناب میں پانی کے بڑے ریلے آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی آبی جارحیت نے کرتارپور ڈبو دیا، گردوارہ دربار صاحب متاثر
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان انڈس واٹر کمیشن نے بھی صورتحال پر الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں ہریکے اور فیروزپور ڈاؤن اسٹریم، دریائے چناب میں اکھنور ڈاؤن اسٹریم اور دریائے راوی میں مادھو پور ڈاؤن اسٹریم پر پانی چھوڑا جائے گا۔

ادھر دوسری جانب پانی چھوڑے جانے اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے دریائے راوی، چناب اور ستلج میں سیلابی کیفیت مزید شدید ہوگئی ہے۔
سیالکوٹ، نارووال اور شکرگڑھ سمیت کئی علاقوں میں برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث متعدد دیہات زیرِ آب آگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں سیلابی صورتحال،وزیراعظم نے فوری اقدامات کا حکم دے دیا
این ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے مکینوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔














