جماعت اسلامی کی مخالفت کے باوجود سندھ اسمبلی ارکان کی تنخواہ میں کتنا اضافہ ہوا؟

بدھ 27 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ارکان کی ماہانہ تنخواہ 4 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

یہ فیصلہ اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس میں وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار سمیت پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے اراکین شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے ارکان سندھ اسمبلی کی مراعات میں 200 فیصد اضافے کا امکان، اب کتنی تنخواہ ملے گی؟

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بیشتر جماعتوں کے ارکان نے تنخواہوں میں اضافے کی حمایت کی، تاہم جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے اس تجویز کی مخالفت کی۔

جماعت اسلامی کا موقف کیا تھا؟

جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی محمد فاروق نے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ارکان کی تنخواہوں میں تین لاکھ روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جو عوامی مسائل کے پیش نظر درست فیصلہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر جماعتوں کے ارکان نے دلیل دی کہ دیگر صوبائی اسمبلیوں کے مقابلے میں سندھ اسمبلی کے اراکین کی تنخواہیں کم ہیں، اس لیے انہیں برابر کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے اسمبلی کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے اضافے کی سفارش پیش کی اور اسے منظور کر لیا گیا۔

اجلاس کے دوران حامی ارکان کا مؤقف تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر تنخواہوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ اسمبلی کے اراکین کی تنخواہیں دیگر صوبائی اسمبلیوں کے مقابلے میں کم قرار دی جاتی تھیں، اور کئی بار ارکان کی جانب سے اس میں اضافے کا مطالبہ سامنے آ چکا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp