فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کی ہدایت پر تفتان سرکل نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں محمد نواز، محمد خان اور سید محمد شامل ہیں جنہیں تفتان کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کا تعلق چاغی اور نوشکی سے بتایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایف آئی اے کے نام پر جعلی ایف آئی آرز بھیجنے کا انکشاف
ایف آئی اے حکام نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 1350 ملین سے زائد ایرانی ریال، 8 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی، 180 امریکی ڈالر اور بنگلہ دیشی ٹکہ برآمد کر لیا۔ اس کے علاوہ 3 اے ٹی ایم کارڈز، 5 پاکستانی پاسپورٹس اور 12 رجسٹرز بھی ضبط کر لیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے جبکہ وہ برآمد ہونے والی بھاری رقم کے حوالے سے حکام کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔