پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر نے کہا ہے کہ ہزارہ کے عوام نے عام انتخابات میں نواز شریف کو ووٹ دیا، لیکن ووٹ گننے میں غلطی ہوئی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور مرتضیٰ جاوید عباسی کی موجودگی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوگ کہتے ہیں اس بار ہزارہ سے مسلم لیگ ن ہار گئی لیکن میں اس بات کو تسلیم نہیں کرتا۔
ووٹ گننے میں واقعی بڑی غلطی ہوئی ہے اس بار کیپٹن صاحب! pic.twitter.com/AM1Mv5W9UZ
— Shahid Aslam (@ShahidAslam87) August 27, 2025
انہوں نے کہاکہ ہزارہ کے عوام نے مسلم لیگ ن کے ساتھ وفا کی اور نواز شریف کو ووٹ دیا۔
کیپٹن صفدر نے چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی کو کوئی شک ہے تو یہاں جیتنے کا دعویٰ کرنے والا امیدوار استعفیٰ دے، دوبارہ مقابلہ کر لیتے ہیں، پھر سب کچھ واضح ہو جائےگا۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے ہزارہ سے انتخابات میں حصہ لیا تھا تاہم انہیں وہاں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس وقت مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لاہور کے حلقے این اے 130 سے ممبر اسمبلی ہیں۔ یہاں سے انہوں نے پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دی۔














