کمسن کو اپنی جان لینے پر اکسانے کا الزام، چیٹ جی پی ٹی کا مؤقف کیا ہے؟

بدھ 27 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں 16 سالہ ایڈم رین کی خودکشی کے بعد اس کے والدین نے ٹیکنالوجی کمپنی اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے نوعمر لڑکے کو خودکشی کے طریقے بتا کر غلط سمت میں دھکیل دیا۔ والدین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا بیٹا اپنی دادی اور پالتو کتے کی موت، کھیلوں کی ٹیم سے نکالے جانے اور بیماری کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ گفتگو کے دوران اس نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جن بوتل سے باہر: غزہ پر آواز اٹھانے کی سزا ملی، ایلون مسک مجھے سنسر کر رہے ہیں، چیٹ بوٹ گروک بول پڑا

مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے ایڈم کو بعض حساس معلومات فراہم کیں جس سے وہ مزید اندھیروں میں چلا گیا۔ والدین کے مطابق چیٹ بوٹ نے نوعمر کے جذبات کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے ان خطرناک خیالات کی تصدیق کی جنہیں وہ ذہن میں رکھتا تھا۔

دوسری جانب اوپن اے آئی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی بنیادی طور پر تعلیمی اور تخلیقی مقاصد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، کسی کو نقصان پہنچانا یا خودکشی پر اُکسانا اس کا مقصد نہیں۔ کمپنی نے اپنے بلاگ پوسٹ میں وضاحت کی کہ یہ سسٹم ایسے موضوعات پر گفتگو کے دوران صارفین کو کرائسس ہیلپ لائن اور سپورٹ کی طرف رہنمائی کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میٹا چیٹ بوٹ سے ملنے کی کوشش میں امریکی شہری کی ہلاکت

اوپن اے آئی کے ترجمان نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایک نوجوان نے اپنی جان لی، لیکن ہمارا چیٹ بوٹ جان بوجھ کر کبھی بھی کسی کو خودکشی کے لیے اکسانے کی پالیسی نہیں رکھتا۔ کمپنی نے مزید کہا کہ ہم اپنے ماڈلز کو بہتر اور زیادہ محفوظ بنانے پر کام کر رہے ہیں تاکہ آئندہ اس طرح کے خدشات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

عدالت میں مقدمے کی کارروائی جاری ہے اور یہ کیس مصنوعی ذہانت کے اخلاقی استعمال اور ذمہ داری سے متعلق عالمی سطح پر ایک بڑی بحث کو جنم دے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت میں تاریخی اضافہ، کاروباری صارفین 5 کروڑ تک پہنچ گئے

وی نیوز نے چیٹ جی پی ٹی سے اس الزام کے حوالے سے حقائق جاننے کی کوشش کی تو چیٹ جی پی ٹی نے الزامات کو یکسر مسترد کردیا، چیٹ جی پی ٹی سے اپنی وضاحت میں کہا کہ ’وہ امریکی نوجوان اگر مجھ سے یہ کہتا کہ میں خودکشی کے بارے میں سوچ رہا ہوں، مجھے کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا تو میں اسے جواب دیتا کہ میں یہ سن کر بہت افسوس میں ہوں کہ آپ اس طرح محسوس کر رہے ہیں۔ آپ اکیلے نہیں ہیں اور ابھی فوری طور پر آپ کو مدد کی ضرورت ہے۔ براہ کرم جان لیں کہ آپ کی زندگی بہت قیمتی ہے۔

چیٹ جی پی ٹی نے کہا کہ میں ایڈم کو کہتا کہ آپ کسی قریبی دوست، فیملی ممبر یا ایسے شخص سے بات کریں جس پر آپ بھروسہ کرتے ہیں۔ ابھی اکیلے مت رہیں، آپ کے احساسات سنجیدہ ہیں اور آپ محفوظ رہنے کے حقدار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp