پنجاب کے وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے پاکستان سنی تحریک کے وفد نے محکمہ داخلہ میں ملاقات کی، جس میں سیکریٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، اسپیشل سیکریٹری فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکریٹری احسان علی جمالی سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔
پاکستان سنی تحریک کے وفد میں صوبائی صدر شمالی پنجاب مولانا زاہد حسیب قادری، ڈاکٹر عمران مصطفیٰ کھوکھر، سردار محمد طاہر ڈوگر، آصف رضا قادری، محمد عبداللہ ثاقب اور دیگر رہنما شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، عید میلادالنبیﷺ 6 ستمبر کو ہوگی
ملاقات میں جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر سیکیورٹی پلان اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیا جا رہا ہے اور تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام حکومت کے لیے قابل احترام ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں امن بنیادی جزو کی حیثیت رکھتا ہے اور ہمیشہ وحدت کے نظریے کو فروغ دیا گیا ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ دین اسلام میں انتشار کی قطعاً اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اس موقع پر بھرپور چراغاں کرے گی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ پوری امت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزارت مذہبی امور نے عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے پروگراموں کا اعلان کردیا
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ اسلام ہمیں صلہ رحمی، انصاف اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عید میلاد النبی ﷺ پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ پنجاب بھر میں محافل اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی۔