وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیلاب نے سیالکوٹ سمیت پورے ضلع میں تباہی مچائی ہے۔ اس تباہی کی سب سے بڑی وجہ کرپشن، سول اداروں کی ناکامی اور دریاؤں و نالوں کے قدرتی راستوں پر ہونے والے تجاوزات ہیں۔ سیلابی صورت حال میں سول اداروں کے کرنے کے کام پاک فوج کررہی ہے۔
سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ شہر جموں سے نکلنے والے نالوں پر آباد ہے، جب وہاں سے پانی آتا ہے تو شہر زیرِ آب آجاتا ہے۔ تجاوزات نے اس تباہی کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ ان کے بقول یہ سب بلدیاتی اداروں کی کمزوری اور بدانتظامی کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
خواجہ آصف نے کہا کہ ضلع بھر میں سڑکیں بہہ گئی ہیں، شہر کا بنیادی ڈھانچہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور کرپشن اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ کوئی ایس ڈی او، ایکسیئن یا ٹھیکیدار جوابدہ نہیں۔ نارووال بھی شدید متاثر ہوا ہے اور جہاں جہاں پانی کے راستے روکے گئے وہاں سیلاب نے اپنی راہ خود بنا لی۔
وزیر دفاع نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جو ذمہ داریاں سویلین اداروں کو ادا کرنی چاہییں وہ فوج نبھا رہی ہے۔ پاک فوج نے دشمن کے ساتھ جنگ بھی لڑی اور اب قدرتی آفات کے مقابلے میں بھی پیش پیش ہے۔ فوجی جوان عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور جانیں بچانے میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے آبی دہشتگردی کے باعث دریائے روای، چناب اور ستلج میں سیلابی صورت حال کے جس کے باعث پنجاب کے متعدد دیہات ڈوب گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 2 لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، چیئرمین این ڈی ایم اے
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں بارشوں کا 49 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، جس کے باعث کئی علاقے ڈوب گئے ہیں، اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزرا کو ہدایت کی ہے وہ اپنے اپنے علاقوں میں خود ریسکیو آپریشن کی نگرانی کریں۔