وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے متاثر ہونے والے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، جہاں ضرورت پڑی بھرپور تعاون کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آج رات شاہدرہ کے علاقے میں بڑا خطرہ، لوگوں کا بروقت انخلا یقینی بنایا جائے، مریم نواز کی ہدایت
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دلی دکھ ہے، پنجاب کے عوام کی تکلیف ہماری اپنی تکلیف ہے۔
وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور جہاں بھی ضرورت ہوئی بھرپور تعاون کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلابی صورت حال ہے، اور کئی دیہات ڈوب گئے ہیں۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج اور سول ریسکیو ادارے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج رات شاہدرہ لاہور کے مقام سے بڑا سیلابی ریلا گزرنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوام کو فی الفور حفاظتی مقامات پر منتقل کیا جائے۔