کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم نے خبردار کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سنجیدگی سے تیسری مدت کے لیے الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو امریکی آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔
بدھ کو ساکرامینٹو میں پولیٹیکو سمٹ سے براہِ راست خطاب میں نیوزم نے کہا کہ امریکیوں کو جاگنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ شخص آزاد اور منصفانہ انتخابات پر یقین نہیں رکھتا۔
یہ بھی پڑھیے: کیلیفورنیا میں نیشنل گارڈ، میرینز کی تعیناتی، ٹرمپ پر ریاستی خودمختاری کی خلاف ورزی کا الزام
نیوزم نے انکشاف کیا کہ انہیں ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے “ٹرمپ 2028” کے نعرے والے درجنوں ٹوپی بھیجی گئی ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ ٹرمپ اس امکان کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کون اپنے گھر میں 200 ملین ڈالر کا بال روم بنواتا ہے اور پھر گھر چھوڑ دیتا ہے؟
گورنر نے بتایا کہ رواں سال فروری میں واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے 90 منٹ طویل اجلاس کے دوران ٹرمپ نے ان سے تیسری مدت پر بات کی اور دفتر میں لگے فرینکلن روزویلٹ کے پورٹریٹ کی طرف اشارہ کیا، جو واحد امریکی صدر تھے جنہوں نے 2 سے زیادہ بار کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیے: کیا صدر ٹرمپ امریکا کو مارشل لا کی طرف لے جا رہے ہیں؟
نیوزم نے کہا کہ یہ واضح اشارہ تھا کہ ٹرمپ اپنے اقتدار کو طول دینا چاہتے ہیں جیسا کہ انہوں نے 2020 میں جو بائیڈن کی جیت کو تسلیم کرنے سے انکار کر کے کوشش کی تھی، جس کا انجام کیپیٹل ہل پر چھ جنوری کے حملے کی صورت میں نکلا۔
انہوں نے ڈیموکریٹس پر زور دیا کہ وہ ٹرمپ کی حکمت عملی کا مقابلہ کریں اور آگ کا جواب آگ سے دیں۔ نیوزم نے کہا کہ ملک حقیقی وقت میں خطرے سے دوچار ہے اور اگر عوام نے سنجیدگی نہ دکھائی تو جمہوری اقدار مزید کمزور ہوجائیں گی۔