سابق وزرائے اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور عثمان بزدار منگل کی رات کہاں تھے؟

جمعہ 12 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور سمیت پورے ملک میں پی ٹی آئی کے ورکرز نے پر تشدد مظاہرے شروع کیے تو لاہور کی مقامی قیادت اس میں شریک تھی لیکن سب کے ذہنوں میں ایک سوال گھومتا رہا کہ پرویز الہی اور عثمان بزدار کہاں ہیں؟  دونوں وزیراعلی پنجاب رہے ہیں لیکن دونوں ہی غائب ہیں۔

پرویز الہی ظہور الہی روڑ والے گھر سے کہاں گئے؟

پولیس کی جانب سے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا تو پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی اپنا ظہور الہی روڑ والا گھر چھوڑ کر ڈیفنس میں اپنے ایک اہم دوست کے گھر شفٹ ہو گئے۔  ان کے خاندانی ذرائع سے  وی نیوز کو پتہ چلا کہ پرویز الہی منگل کے روز سے اپنے دوست کے ہمراہ ظہور الہی روڑ والا گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے

خاندانی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پرویز الہی سے ان کے بیٹے مونس الہی نے کہا کہ آپ کی گرفتاری کا خطرہ ہے لہذا آپ یہاں سے چلے جائیں اس کے بعد پرویز الہی اپنی قریبی دوست کے ہمراہ چلے گئے

پرویز الہی کا پہلا ویڈیو بیان

عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرویز الہی کا پہلا ویڈیو بیان ظہور الہی روڈ والے گھر ہی سے ریکارڈ کیا گیا تھا ، جب پرتشدد مظاہرے شروع ہوئے اور کور کمانڈر ہاؤس نذر آتش کرنے کی خبر پرویز الہی کو ملی، تو وہ اپنا گھر چھوڑ کر کہیں اور منتقل ہوگئے۔

عثمان بزدار کہاں ہیں؟

سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کہاں ہیں؟ یہ سوال بھی ہر ذہن میں گردش کرتا  رہا کہ 3سال وزیر اعلی رہنے والے عثمان بزدار عمران خان کی گرفتاری پر مظاہروں میں شریک تک نہ ہوئے۔ وی نیوز کو عثمان بزدار کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ عثمان بزدار لاہور ہی میں ہیں، وہ اپنے کیسز کو دیکھ رہے ہیں، اس وجہ سے وہ کسی مظاہرے اور احتجاج میں شرکت نہیں کرتے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ عثمان بزدار کافی عرصے سے اپنے آبائی علاقے تونسہ شریف بھی نہیں گئے۔

عثمان بزدار ہائی کورٹ میں بھی پیش نہ ہوئے

عثمان بزدار پر 13 انکوئرایاں اور ایک مقدمہ ہے جس کی سماعت آج لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی لیکن عثمان بزدار لاہور ہائی کورٹ میں بھی پیش نہ ہوئے ۔عدالت نے عثمان بزدار کے وکیل سے استفسار بھی کیا کہ درخواست گزار کہاں ہے، جس پر وکیل نے کوئی جواب نہ دیا تو عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ عدالت مناسب حکم جاری کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp