سہ ملکی سیریز میں فاتحانہ آغاز: پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دیدی

جمعہ 29 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شارجہ کے تاریخی میدان میں سہ فریقی ٹی 20 سیریز کا آغاز جمعے سے ہوگیا ہے جہاں افتتاحی میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی۔

میچ کے آغاز میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم افغان ٹیم 19 اعشاریہ 5 اوورز میں 143 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک افغان مقابلہ، کیا افغانستان کی ٹیم آج کے میچ میں فیورٹ ہے؟

پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے افغانستان کے خلاف 182 رنز بنائے۔

ابتدائی اوورز میں ہی پاکستان کو پہلا نقصان صاحبزادہ فرحان کی صورت میں ہوا جو 10 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد صائم ایوب اور فخر زمان نے اننگز کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن صائم 14 اور فخر 20 رنز بنا سکے۔ حسن نواز بھی صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور پاکستان کا اسکور 11ویں اوور میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 83  ہوگیا۔

اس موقع پر کپتان سلمان علی آغا اور آل راؤنڈر محمد نواز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 28 گیندوں پر 53 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ محمد نواز 11 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر ناقابل شکست 53 رنز بنائے جن میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ محمد حارث نے بھی 15 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ دیا۔

افغانستان کی جانب سے فرید احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور 47 رنز دے بیٹھے۔ راشد خان، مجیب الرحمان، محمد نبی اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سیریز میں پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ سیریز کا پہلا میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے جہاں افغانستان کے حامیوں کی تعداد پاکستانی شائقین سے زیادہ دیکھی گئی ہے۔ حیران کن طور پر کچھ بھارتی شائقین بھی افغان ٹیم کی حمایت میں اسٹیڈیم پہنچے ہیں۔

انتظامیہ نے شائقین کی سہولت اور سیکیورٹی کے پیش نظر پاکستانی اور افغان فینز کے لیے الگ الگ اسٹینڈز، پویلینز اور داخلی راستے مختص کیے ہیں۔ یہاں تک کہ ٹکٹوں کے رنگ بھی مختلف رکھے گئے ہیں۔ پاکستانی شائقین کے لیے ہرا اور افغان شائقین کے لیے نیلا رنگ مخصوص کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کی قیادت آغا سلمان کے سپرد

پاکستانی ٹیم کی قیادت آغا سلمان کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، حسن نواز، محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور صفیان مقیم شامل ہیں۔

مزید پڑھیے: کرکٹ کی دنیا کے وہ بڑے نام جو کینسر کا شکار ہوئے

یہ سیریز نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم موقع ہے بلکہ ٹیم کمبینیشن کو آزمانے اور اگلے بڑے ٹورنامنٹس کی تیاری کے لیے بھی ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp