چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف 30 اگست تا 4 ستمبر 2025 چین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بیجنگ میں وزیرِاعظم شہباز شریف کی ملاقاتیں چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِاعظم لی چیانگ سے ہوں گی جن میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیر خارجہ سے ملاقات میں چین کو آہنی دوست قرار دیا: چینی وزارت خارجہ
وزیراعظم صدر شی جن پنگ اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ہمراہ بیجنگ میں منعقدہ فوجی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے، جو دوسری عالمی جنگ میں فاشزم کے خلاف 80 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد ہو رہی ہے۔
وزیرِاعظم اپنے دورے کے دوران نامور چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں کریں گے اور دوطرفہ تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ بیجنگ میں پاک-چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کی قیادت کے درمیان قریبی رابطوں کا تسلسل ہے جو اس امر کا مظہر ہے کہ دونوں ممالک اپنی ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات پر حمایت کے اعادے، سی پیک کے فیز ٹو کو آگے بڑھانے اور علاقائی و عالمی معاملات پر قریبی مشاورت برقرار رکھنے کو کس قدر اہمیت دیتے ہیں۔