چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ترک مسلح افواج کے یومِ فتح کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ اس تقریب میں ممتاز سول و عسکری شخصیات، میڈیا نمائندگان، کاروباری رہنما، سفارتی برادری اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی جس سے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کے لیے وسیع تر حمایت اجاگر ہوئی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے یومِ فتح کے موقع پر ترکیہ کے عوام، سیاسی قیادت اور مسلح افواج کو دلی مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیے: یومِ آزادی اور ’معرکۂ حق‘ کی گرینڈ تقریب، ترکیہ و آذربائیجان کے فوجی دستوں کی شمولیت
اپنے خطاب میں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ، آزمودہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک اپنے منفرد تعلقات کو مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور مضبوط شراکت داری کی بنیاد پر مزید وسعت اور گہرائی دیں گے۔
اس سے قبل تقریب میں آمد پر ترکیہ کے سفارتخانے کے نگرانِ امور برک ایجے نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا استقبال کیا۔