افغانستان نے پاکستانی سفیر کو ڈی مارش جاری کردیا ہے، اسحاق ڈار کی تصدیق

جمعہ 29 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعہ کے روز تصدیق کی ہے کہ افغانستان نے پاکستان کے سفیر کو ڈرون حملوں کے الزام میں ایک خط (ڈی مارش) جاری کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے بعد سوالات کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ بیرون ملک سے واپس آئے ہیں اور معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افغان حکام نے پاکستانی سفیر کو ایک خط دیا ہے جسے سفارتی اصطلاح میں ڈی مارش کہا جاتا ہے۔

افغان حکام کے مطابق ننگرہار اور خوست صوبوں میں مبینہ طور پر پاکستانی ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوئے۔ تاہم افغان حکام کی جانب سے پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد فراہم نہیں کیے گئے اور اسلام آباد کی طرف سے بھی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیے: اٹلانٹک تھنک ٹینک میں عمران خان کے ٹرائل کے حوالے سے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یہ معاملہ ابھی تحقیقات کا متقاضی ہے۔ یہ دیکھنا ہے کہ اصل صورتحال کیا ہے اور ایسا کیوں ہوا۔ فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

وزیر خارجہ نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ آیا پاکستان ان مبینہ حملوں میں ملوث ہے یا نہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی کابل سے صرف ایک ہی درخواست ہے کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف کارروائی کرے اور اپنی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان سے کہا ہے کہ یا تو ان لوگوں کو ہماری سرحدوں سے ہٹائیں یا ہمیں حوالے کردیں، جو بھی آپ چاہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کی جانب سے افغانستان پر فضائی حملہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق ہے، سفارتی ماہرین

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی ترقی اور استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے۔ سوچیے کہ ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبہ شروع ہوتے ہی کتنا بڑا باہمی فائدہ ہوگا۔ جب ریلوے مکمل ہوگا تو وسطی ایشیائی ممالک سے براہِ راست روابط قائم ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp