بلوچستان: مسلم باغ میں ایف سی قلعہ پر حملہ، دہشتگرد گھیرے میں آگئے

جمعہ 12 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 شمالی بلوچستان  کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔ مقابلے میں 2 اہلکار شہید جبکہ 2 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں۔

شمالی بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں جمعہ کی صبح نامعلوم دہشت گردوں نے ایف سی قلعہ پر حملہ کیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پہنچ گئی جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاحال حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق آپریشن کے دوران 2سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن تاحال جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ آپریشن کی نگرانی براہ راست کورکمانڈر کر رہے ہیں۔

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ایف سی کیمپ مسلم باغ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے 2 ایف سی اہلکاروں کی شہادت اور 3اہلکاروں کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلٰی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایف سی فورس نے جرات اور دلیری سے حملہ ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔ قوم کو اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے جو عزم و استقلا ل کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب ارض پاک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو گا۔

 وزیراعلیٰ بزنجو نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ  جم کر کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں  سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور شہدا کے  لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

قلات میں بھی ایف سی کیمپ پر حملہ

واضح رہے کہ  گزشتہ شب قلات میں بھی نامعلوم شرپسندوں نے ایف سی کیمپ پر حملہ کیا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر قلات جنیف نورزئی کے مطابق گزشتہ شب قلات کے علاقے منگوچر میں واقع ایف سی کیمپ میں نامعلوم شرپسندوں کی دستی بم سے حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp