نارووال میں بھارتی آبی جارحیت کے باعث زیرِ آب آنے والے کرتارپور گوردوارہ میں نکاسیِ آب اور صفائی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، 3 سے 4 دن میں سکھ یاتریوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ’ستھرا پنجاب‘ ورکرز، ریسکیو ٹیموں اور دیگر اداروں کے اہلکاروں نے دن رات محنت کر کے گوردوارہ کے تمام حصے، جنم استھان اور درشن ڈیوڑی سمیت در و دیوار کو مکمل طور پر صاف کردیا۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے خود کرتارپور گوردوارہ پہنچ کر صفائی کے عمل کی نگرانی کی جبکہ وسیع صحن سے بھی پانی نکال کر اچھی طرح صفائی کروائی گئی۔
مزید پڑھیں: بھارتی آبی جارحیت نے کرتارپور ڈبو دیا، گردوارہ دربار صاحب متاثر
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئندہ 3 سے 4 دن میں گوردوارہ سکھ یاتریوں کے لیے کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ سیلاب کے باعث کرتارپور گوردوارہ 10 سے 12 فٹ پانی میں ڈوب گیا تھا، جس دوران ریسکیو ٹیموں نے موٹر بوٹس کے ذریعے سکھ یاتریوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
صفائی مکمل ہونے کے بعد گوردوارہ کو اپنی اصل حالت میں دیکھ کر منتظمین اور زائرین خوشی اور حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔














