بھارت کے دارالحکومت دہلی کے علاقے روہنی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں معمولی گھریلو جھگڑے نے بھیانک رخ اختیار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یوگیش نامی شخص نے اپنی بیوی پریا سہگل (34) اور ساس کسوم سنہا (63) کو قتل کر دیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بیٹے کی سالگرہ پر دونوں خاندانوں کے درمیان تحائف کے تبادلے پر تنازع کھڑا ہو گیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی اداکار وشال نے 48ویں سالگرہ پر مداحوں کو بڑی خوشخبری سنا دی
پولیس کے مطابق 30 اگست کو سہ پہر 3 بجکر 50 منٹ پر کنک مارگ تھانے میں ایک کال موصول ہوئی کہ سیکٹر 17 روہنی کے ایک فلیٹ میں خاتون اور ان کی بیٹی کو قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو کمرے میں دونوں کی لاشیں خون میں لت پت پائی گئیں۔
کال کرنے والے میگھ سنہا، مقتولہ کسوم کے بیٹے، نے بتایا کہ ان کی والدہ 28 اگست کو اپنی بیٹی پریا کے گھر سالگرہ کی تقریب میں شریک ہونے آئی تھیں اور پھر وہیں رک گئیں تاکہ بیٹی اور داماد کے درمیان تنازع کو سلجھا سکیں۔ تاہم بعد میں ان کا فون بند ملنے پر جب اہل خانہ گھر پہنچے تو دروازے پر خون کے دھبے دیکھے اور اندر داخل ہو کر لاشیں برآمد کیں۔
مزید پڑھیں: گنیز ورلڈ ریکارڈز کی 70ویں سالگرہ، حیرت انگیز تصویری جھلکیاں
پولیس کے مطابق ملزم یوگیش سہگل قتل کے بعد اپنے بچوں کو ساتھ لے کر فرار ہو گیا تھا لیکن بعد میں اسے گرفتار کر لیا گیا۔ جائے وقوعہ سے اس کے خون آلود کپڑے اور وہ قینچی بھی برآمد کی گئی جسے قتل میں استعمال کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعے کی وجہ گھریلو جھگڑا ہی سامنے آیا ہے۔
مقتولہ پریا کے بھائی ہمالیہ نے میڈیا کو بتایا کہ والدہ نے انہیں فون پر کہا تھا کہ گھر میں جھگڑا چل رہا ہے اور وہ معاملات کو سلجھا کر واپس آئیں گی لیکن پھر ان کی واپسی نہ ہوئی۔ یہ ناقابلِ یقین ہے، میرا بہنوئی اپنی بیوی اور ماں ساس کو محض ایک جھگڑے پر مار کر بچوں سمیت فرار ہو گیا۔ یہ انتہائی غیر انسانی فعل ہے۔
پولیس نے بتایا کہ فرانزک ٹیم اور کرائم ٹیم نے موقع پر شواہد جمع کر لیے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔