ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق شہر میں یکم ستمبر سے تمام اسکول دوبارہ کھل جائیں گے، تاہم سیلاب سے متاثرہ 45 اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال نہیں ہوں گی۔
ان اسکولوں کو ریلیف کیمپس میں تبدیل کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرین کو عارضی پناہ فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:متاثرین سیلاب کے لیے مفت وائس منٹس کا اعلان
نوٹیفیکیشن کے مطابق لاہور کے 33 سرکاری اور 12 نجی اسکول بند رہیں گے۔ ان میں سنٹرل ماڈل اسکول ریٹی گن روڈ، مراکہ، مانگا، چوہنگ، شاداب کالونی اور سگیاں کے اسکول شامل ہیں۔
اسی طرح تار گڑھ شاہدرہ، بند روڈ شفیق آباد اور پری محل شاہدرہ کے اسکول بھی بند رہیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ٹھوکر نیاز بیگ، شاہ پور کانجراں، بند روڈ اور گاؤشالا کے سرکاری اسکول بھی بند رہیں گے۔
اس کے علاوہ رنگیل پور، خورد پور، چھگیاں بھمہ، موہلنوال، ملتان روڈ اور مانوال کے تعلیمی ادارے بھی تاحال بند رکھے جائیں گے۔
دوسری جانب چنیوٹ میں سیلاب سے ضلع بھر میں پانچ بڑے صحت مراکز اور 88 اسکول شدید متاثر ہوئے ہیں، جہاں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا فی الحال ناممکن قرار دیا گیا ہے۔