حماس کے مشہور زمانہ ترجمان ابوعبیدہ کو نشانہ بنانے کا اسرائیلی دعویٰ

اتوار 31 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ سٹی میں ایک فضائی کارروائی کے دوران حماس کے نقاب پوش ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم اسرائیلی حکام نے اس کارروائی کے نتائج کے بارے میں محتاط امید کا اظہار کیا ہے۔

فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ 30 اگست 2025 کو غزہ سٹی کے مغربی علاقے الثورہ اسٹریٹ پر ایک عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کے مناظر ہیں، جسے حماس کے ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنانے کے طور پر بیان کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:غزہ : حماس کا بڑا حملہ، اسرائیلی فوج کا پلاٹون کمانڈر لیفٹیننٹ اوری گرلیک ہلاک، متعدد زخمی

اسرائیلی فوج نے اکتوبر 2023 میں جاری کردہ ایک ویڈیو میں ابو عبیدہ کی شناخت حذیفہ سمیر عبداللہ الخالوت کے طور پر ظاہر کی تھی۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسز (IDF) اور شِن بیت نے ہفتہ کی شام جاری بیان میں کہا کہ غزہ کے شمالی حصے میں ایک سینیئر حماس رکن پر فضائی حملہ کیا گیا۔

اگرچہ بیان میں نشانہ بننے والے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم عبرانی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ وہ ابو عبیدہ ہی تھے۔

یاد رہے کہ ابو عبیدہ ہمیشہ میڈیا سے گفتگو کے دوران چہرہ ڈھانپے رکھتے تھے اور وہ غزہ اور عرب دنیا میں ایک علامتی حیثیت رکھتے تھے۔

موجودہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج نے ان کے ممکنہ چہرے کی ایک تخمینی تصویر بھی جاری کی تھی۔

ابھی تک ابو عبیدہ کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہو سکی، لیکن اسرائیلی میڈیا نے نام ظاہر نہ کرنے والے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے مارے جانے والے کے بارے میں یہی کہا ہے کہ وہ حماس کے ترجمان ابو عبیدہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp