قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پشاور میں پاکستان سپر لیگ اور بین الاقوامی سطح کے میچز منعقد ہونے چاہییں۔
یہ بھی پڑھیں: فلڈ ریلیف چیریٹی میچ: پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لیجنڈز الیون کو شکست دیدی
شاہد آفریدی نے پشاور پولیس لائن کا دورہ کیا اور شہدا کی یادگار پر حاضری دے کر پھول رکھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا اس صوبے اور اس کی سرزمین سے گہرا رشتہ ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس نے قربانیوں اور کارکردگی کے حوالے سے ایک مثال قائم کی ہے۔
شاہد آفریدی نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے چیریٹی میچ کا انعقاد ایک قابلِ تحسین قدم تھا۔ شائقین کی غیر معمولی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام ایسی سرگرمیوں کو دیکھنے کے خواہاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور کے کرکٹ گراؤنڈ کا معیار بین الاقوامی سطح کا ہے، لہٰذا میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے اپیل کرتا ہوں کہ پشاور میں پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل میچز بھی کروائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: سیلاب متاثرین کیلئے چیریٹی میچ بار بار رکا، شائقین کے میدان میں داخلے پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں
قومی ٹیم کی موجودہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹیم اب تک اچھا کھیل پیش کررہی ہے اور اب سب کو ایشیا کپ کے آغاز کا انتظار ہے۔